Saturday, 2 July 2016
چوہدری ظہور حسین گجر کا صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی راجن پورکا دور ہ۔
راجن پور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن آفیسر چوہدری ظہور حسین گجر کا صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی راجن پورکا دور ہ۔ انہوں نے نیلامی کاعمل چیک کیا اور تازہ سبزیاں،پھل اور اشیاء خورد ونوش وغیرہ کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ای ڈی او زراعت ملک سیف الرحمان،ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگری کلچر مارکیٹنگ ابراہیم راشد، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈی سی او نے مزیدکہا کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آپ تما م تاجران اور ضلعی افسران نے ابھی تک بہت عمدہ کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے اس بات کی امید کی کہ آخری عشرہ بھی سب کے تعاون سے بہتر گزرے گا۔
ضلع راجن پور میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بھی مختلف حکومتی اہم شخصیات کے دورے جاری
راجن پور( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع راجن پور میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بھی مختلف حکومتی اہم شخصیات کے دورے جاری ہیں۔آج ڈی جی کچی آبادی اسلم حیات نے رمضان بازار جام پور اور کوٹ مٹھن کا دورہ کیا جبکہ وہ متعدد بار پہلے بھی ضلع بھر کے رمضان بازاروں کے دورے کر چکے ہیں۔انہوں نے اپنے دورے کے دوران مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور قیمتیں وغیرہ چیک کیں ۔صفائی و ستھرائی کے انتظامات کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تعینات اہلکاران کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے اپنے دورے کوتسلی بخش قرار دیا اور ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کی تعریف کی۔
کالج ہذا نصابی اورغیر نصابی سرگرمیوں میں ضلع بھر میں سب سے آگے ہے ڈاکٹر شکیل پتافی
راجن پور (ڈسٹر کٹ رپورٹر)کالج ہذا نصابی اورغیر نصابی سرگرمیوں (سپورٹس،نعتیہ و تقریری مقابلہ جات) میں ضلع بھر میں سب سے آگے ہے۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شکیل پتافی پوسٹ گریجویٹ کالج راجن پور نے ایک مورا سکالر شپ کی تقریب تقسیم کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سکالر شپ ایم اے اردو،انگریزی اور اکنامکس کے طلباء و طالبات میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔جو کہ ہر طالب علم کو نو نوہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔اس تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ارشد بخاری،ڈاکٹر جاوید پتافی،پروفیسر کلیم قریشی،عبد المالک بھٹہ اور دیگر نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آخر میں طلباء و طالبات میں سکالر شپ تقسیم کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔سکالر شپ لینے والوں میں شانزہ صفدر،محمد ارسلان،راحیلہ اشفاق،حنا ولی،فوزیہ،شمائلہ،روبینہ اور دیگر شامل ہیں۔
غربت و افلاس میں زندگی گزارنے والے شعراء کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے عبدالرؤف
راجن پور ( ڈسٹر کٹ رپورٹر)پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے کہ وہ غربت و افلاس میں زندگی گزارنے والے شعراء کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور رائٹر ویلفیئر فنڈ کے ذریعے مستحق لوگوں تک امداد پہنچا رہی ہے۔ ضلع راجن پوربہت پسماندہ ضلع ہے اور ادھر لوگ بہت سفید پوش ہیں جو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانا پسند نہیں کرتے،ایسے لوگوں کی مدد کرنا پنجاب حکومت کا ایک قابل تحسین عمل ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر راجن پور عبدالرؤف اعوان نے راجن پور کے رہائشی شاعر و مصنف محمد جاوید ولد سیف اللہ کو حکومت پنجاب کی طرف سے 25000/-روپے کا امدادی چیک پیش کرتے ہوئے کیا۔ محمد جاوید ولد سیف اللہ نے خصوصی طور پر پنجاب حکومت کا شکریہ دا کیا اور کہا کہ رمضان المبارک میں اس امداد کا آنا بے شک اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہے اور پنجاب حکومت کی طرف سے میرے اہلیخانہ کے لےئے عیدالفطر کا انمول تحفہ ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوٹو گرافر محمد شہزاد گل،حافظ صفدر اور سلطان محمود بھی موجود تھے۔
مافیہ کو جرمانے یا سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جاسکے
راجن پور(ڈسٹر کٹ رپورٹر )اس مرتبہ حکومت پنجاب کا رمضان بازاروں کے حوالے سے ذیادہ فوکس پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پر ہے تاکہ جدھر بھی ذخیرہ اندوزی ہو یا زائد نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت ہورہی ہو تو آپ تما م صاحبان کو جو خصوصی اختیارا ت دیئے گئے ہیں ،ان کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے اور مافیہ کو جرمانے یا سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جاسکے۔ان باتوں کا اظہار اے ڈی سی راجن پورعبدالفتح ہولیو نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اس موقع پر اے سی روجھان،اے سی جام پوراور ضلع بھر سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اے ڈی سی نے ہدایت کہ کی آپ لوگ روزانہ کی بنیاد پر خود وزٹ کریں اور ناجائز منافع خوروں کی مناپلی کو ناکام بنائیں
ضلع کونسل کا بندھ اور ساتھ ملانے پر کام تیزی سے جاری ہے ظہور حسین گجر
راجن پور( ڈسٹر کٹ رپورٹر )پاکستان بھر میں مون سون کا آغاز ہوچکا ہے اور 27 جون سے راجن پور میں بھی امید ہے کہ بارشیں شروع ہونے جا رہی ہیں۔2010کے بدترین سیلاب کے بعد سے 2016تک کئی مرتبہ سیلاب آچکا ہے جسکی وجہ دریاؤں میں پانی کا بڑھ جانا اور پہاڑوں سے پانی کا تیزی سے نیچے کیطرف آنا ہوتا ہے۔ضلعی انتظامیہ راجن پور نے ماضی سے کافی کچھ سیکھا ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ بہترین انتظامات کی بدولت حالات قابو میں رہیں گے۔پل پٹھان پر پانی کے بہاؤ کو منتخب راستوں سے گزارنے پر کام تیزی سے جاری ہے اور انڈس ریور کی LME (لیفٹ سائیڈ)کو گڈو بیراج کے ساتھ منسلک کرنے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور یہ اقدامات سیلاب سے نمٹنے کے لئے بہت ہی تسلی بخش ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ڈی سی او راجن پور چوہدری ظہور حسین گجر نے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے حوالے سے ایک منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی عبدالفتح ہولیو،تمام متعلقہ ای ڈی اوز،تمام اے سی صاحبان،مختلف محکمہ جات کے ڈی اوز،ریسکیو 1122سے ڈاکٹر اسلم اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔دوران بریفنگ ای ڈی او زراعت ملک سیف الرحمان نے بتایا کہ پچھلی مرتبہ کے سیلاب کو دیکھتے ہوئے ایک پروپوزل بھیجی گئی تھی کہ ایک اور سیم نالہ بنایا جائے ،حال ہی میں اسکی منظوری ہوئی اور اڑھائی کروڑ کی گرانٹ سے پچھلے 2ماہ سے اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔اے سی روجھان نے بتایا کہ ضلع کونسل کا بندھ اور LMBکو ساتھ ملانے پر کام تیزی سے جاری ہے جسکی وجہ سے کچہ اراضی ،سونمیانی اور بھوم شہر محفوظ ہوجائیگا۔ریسکیو سے ڈاکٹر اسلم نے بتایا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیئے 2موک ایکسر سائز کی گئی ہیں تاکہ اپنا سازو سامان چیک کیا جا سکے اور 405والنٹیئرز کے ٹریننگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے تاکہ آنیوالے سیلاب سے نمٹا جا سکے۔ان کے علاوہ تمام محکمہ جات نے بھی اپنی اپنی تیار ی کا بتایا۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ جن اداروں کے پاس پرائیویٹ بوٹس ہیں وہ فوری انکی ریپئیرنگ وغیرہ کرائیں۔پوسٹ فلڈ سروے کرایا جائے،تمام اے سی صاحبان اپنے اپنے ایریاز کو خصوصی طور پر وزٹ کریں اور میں خود بھی معائنہ کروں گا۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو بے حدسراہتا ہوں کہ کیسے گندم کی کٹائی اور پھر رمضان بازاروں کے انعقاد اور روزانہ چیکنگ میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ملک سیف الرحمان کی سربراہی میں آنیوالے سیلاب سے نمٹنے کے لئے بھی اپنا بھر پور تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔
Subscribe to:
Posts (Atom)