را جن پور (ڈسٹر کٹ رپورٹر )حکومت پنجاب کی طرف سے نافذکردہ چائلڈ لیبر
ایکٹ پر ہر حال میں عمل کرنا پڑے گا۔اس کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی
عمل میں لائی جائے گی اور موقع پر ہی معصوم بچوں سے جبری مشقت کرانے والے
مالکان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہوگا۔ان باتوں کا اظہار ڈی سی او راجن
پور چوہدری ظہور حسین گجر نے ضلع راجن پور میں قائم مختلف بھٹوں کا وزٹ
کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی آصف رشیدراجن پور،ڈی او سیکنڈری،ای ڈی
او سی ڈی اصغر جلبانی ،اے سی راجن پوراور ڈی او لیبر میاں جہانگیربھی ہمراہ
تھے۔فاضل پور کے 2بھٹوں شاہین برکس اور کاشف شہزاد برکس فاضل پور پر چائلڈ
لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی پر مالکان کے خلاف فوری ایف آئی آر کا اندراج کیا
گیاجبکہ عباس برکس راجن پور کے مالک کو وارننگ جاری کی گئی۔ڈی سی او نے کہا
کہ معصوم بچوں کو جبری محنت کرانا ایک سنگین جرم ہے اور اس کی معافی نہیں
دی جائے گی۔حکومت کی طرف سے ایسے بچوں کے لئے مفت تعلیم کا اعلان کیا گیا
ہے اور ساتھ میں بچوں کوایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا جبکہ ان کے
والدین کو 2ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے اور اس کے ساتھ بچوں کی کتابیں
اوریونیفارم بھی مفت میں مل سکے گا۔میری ایسے والدین سے گزارش ہے کہ اپنے
معصوم بچوں کو تعلیم جیسی نعمت سے محروم مت رکھیں اور حکومت پنجاب کی ایسی
عمدہ کاوشوں کا فائدہ اٹھائیں۔
0 comments:
Post a Comment