راجن
پور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)آج سانحہ پشاور کے شہداء کو
خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے ہفت روزہ تقریبات بلکہ یوں کہیں کہ سیریز
آف ایونٹ کا سلسہ ختم پذیر ہورہا ہے ۔ان تقریبات کا بنیادی مقصد تھا کہ ہم
تمام لوگ ملکر دہشتگردوں کو یہ پیغام دیں کہ ہم بحیثیت قوم متحدہیں۔16دسمبر2014سانحہ کا واقعہ ہمیں ایک سبق سکھاتا ہے کہ ہم ان نام نہاد
دشمنان اسلام کو تعلیم کے ذریعے شکست دیں ۔ہمارے شہداء بچے تعلیم کے میدان
میں بہت آگے بڑھنا چاہتے تھے۔میری تمام پاکستانیوں بالخصوص راجن پور کے
طلباء و طالبات سے اپیل ہے کہ وہ تعلیم کے میدان میں اتنا آگے بڑھیں کہ
آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کے خواب پورا کرسکیں ۔ان سات روزہ تقریبات کو
دیکھ کر بلاشبہ کہہ سکتا ہوں کہ ضلع راجن پور کے طلباء طالبات تعلیم کے
میدان میں کسی بھی ضلع سے کم نہیں ہیں اور بڑے فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ
ساؤتھ پنجاب میں تقریبات اور ٹیلنٹ کے حوالے سے ضلع راجن پور سب سے بہتر
ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈی سی او راجن پور ظہور حسین گجر نے گورنمنٹ پوسٹ
گریجو ایٹ کالج راجن پور میں سانحہ پشاور کے حوالے سے منعقدہ اسی سلسلے کی
آخری پروقار تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب میں ڈی او سی میاں
آفتاب،اے ڈی سی ارشد گوپانگ،ڈی پی او زاہد محمود گوندل،پرنسپل ڈاکٹر شکیل
پتافی،ضلعی افسران،وکلاء حضرات،ٹیچرز اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے
شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔اس کے بعد نعت
شریف پڑھی گئی،ایم اے کی ایک طالبہ زین طاہرہ نے ایک نظم پیش کی کہ :دسمبر
جب بھی آتا ہے ،درد جان لوٹ آتا ہے :ہمیشہ کے لئے اس سے بچھڑنے کاصدمہ یاد
آتا ہے۔تقریب میں دو ملی نغمے ؛اے راہ حق کے شہیدو اور جاگ اٹھا ہے سارا
وطن بھی پڑھے گئے ۔شمائلہ رضا نامی طالبہ نے انگلش تقریر میں سوال اٹھایا
کہ دہشتگردی کی ایسی گھناؤنی کارروائی کا آخر مقصد کیا تھا؟۔تقریب میں رانا
محمد یامین نے صوفیا نہ کلام پیش کیا ۔برٹش سکول سسٹم راجن پور کے بچوں
نے: بڑا دشمن بنا پھرتا ہے : پر بہت خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔ڈی او سی میاں
آفتاب نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکیل پتافی صاحب نے بہت
اچھا پروگرام پیش کیا ہے،اس پر ان کو اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا
ہوں۔16دسمبر کے سانحہ پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ دل تو میرا اداس ہے ،ناجانے
سارا شہر کیوں سائیں سائیں کر رہا ہے۔بلکہ اس وقت پورے ملک کا یہی حال ہے
۔سانحہ پشاور کے حوالے سے ایک شعر میں سارا سماں سمیٹنے کی کوشش کرتا ہوں
کہ کیسے موسم ہیں ،میرے گلشن میں در آنے لگے: اب تو کھلنے سے بھی پہلے پھول
مرجھانے لگے۔پرنسپل ڈاکٹر شکیل پتافی نے اپنے خیالات کااظہار کیاکہ اللہ
تعا لیٰ سورہ بقرہ میں فرماتے ہیں کہ :ان سے لڑو جو تم سے لڑتے ہیں
مگرزیادتی مت کرنا:یہ کیسے بزدل دشمن ہیں جو معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنا
رہے ہیں۔ڈی سی او ظہور حسین گجر نے ہفت روزہ تقریبات میں بھر پورشرکت کرنے
پر میڈیا نمائندگان،ضلعی افسران،علمائے کرام،وکلا ء ،ٹیچرز،خواتین اور سول
سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے
دعا کی گئی۔
0 comments:
Post a Comment