راجن پور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع راجن پور میں موجود تمام حفاظتی بندوں اور
دریائی پشتوں کی دن رات نگرانی کی جا رہی ہے اور ان کو مزید مضبوط بنایا جا
رہا ہے ۔سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار
ڈی سی او راجن پور ظہور حسین نے دریائے سندھ پرنشتر گھاٹ کوٹ مٹھن کے مقام
پر پانی کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی پی او ، آرمی
افسران ، اے ڈی سی،ایکسیئن انہار، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر اور میڈیا کے
نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے دریا کے اندر ریسکیو ٹیموں کے
امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ا نہوں نے بتایا کہ دریائے سندھ
میں نشتر گھاٹ کے مقام پر اس وقت درمیانے درجے کا سیلا ب ہے ۔ انہوں نے کہا
کہ ضلع میں موجود فلڈریلیف کیمپ مکمل طور آپریشنل ہیں اور سیلاب زدگان کو
ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی اور ریسکیو1122سمیت
تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے
دریائے سندھ پر واقع زمیندارہ مشوری بند کا بھی معائنہ کیا اوراس کو
مزیدمضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے ضلع بھر کی عوام سے اپیل کرتے
ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں
اور اس دوران بے چینی پھیلانے والے شرپسندعناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان
کے خلاف ایکشن لے کر معاشرہ کو تعمیروترقی کی راہ پر گامزن کیاجاسکے۔ بعد
ازاں انہوں سے جھکڑامام شاہ بند کا بھی دورہ کیا اور بتایا کہ اس سے راجن
پورکو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔تاہم حفظِ ماتقدم کے طور پر کسی بھی
ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں اور پوری انتظامیہ
ہائی الرٹ ہے۔
0 comments:
Post a Comment