راجن پور(کرائم رپورٹر) ضلع راجن پور میں تعلیمی شعبہ کو درپیش مسائل اور
مواقع کے موضوع پر ’’ضلعی کل جماعتی اجلاس ‘‘ کا انعقاد زیر اہتمام انسٹی
ٹیوٹ آف سوشل اینڈ پالیسی سائنسز(آئی سیپس) اور الف اعلان کے اشتراک سے
ذائقہ ریسٹورنٹ راجن پور میں کیا گیا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم
لیگ(ن) پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی،پاکستان سرائیکی
پارٹی ، آل پاکستان مسلم لیگ، عوامی ورکر پارٹی ، متحدہ دینی محاذ ارکان
اسمبلی اور رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی ۔جن کے سامنے آئی سیپس کے ریسرچ فیلو
نے عوامی مسائل کے 9 نکات رکھے جن میں پنجاب میں مفت اور تعلیم کے آرڈنینس
کا نفاذ آئین کے مطابق سکول ایجوکیشن بجٹ میں اضافہ اور فراہمی ،سکولوں
میں مرحلہ وار داخلہ ،اساتذہ کی تعیناتی اور ان کے حل کے لئے عوام کی طرف
سے اپیل کی گئی۔ آئی سیپس کے ریسرچ فیلو احمد علی نے اپنی بریفنگ میں کہا
کہ تعلیم اور سیاست کو علیحدہ کرنا مشکل ہے کیونکہ سیاست کے بغیر تعلیمی
ترقی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے آرٹیکل25/Aکا آرڈینس
خوش آئند بات ہے مگر اس پر عمل درآمد بہت ضروری ہے اور اس کے لئے مرحلہ
وار پلاننگ کی جائے تاکہ ہر ایک چیز کو وقت کے ساتھ ساتھ ٹھیک کیا
جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک ایسا مسلہ ہے جس سے تمام جماعتیں متفق ہیں
اور یہی وقت ہے کہ تمام جماعتیں سیاسی دشمنیوں کو نظر انداز کرکے تعلیم کے
لئے گٹھ جوڑ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کو مطلوبہ نتائج حاصل
کرنے اور اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں بہت سی مشکلات درپیش ہیں جس کے نتیجہ
کے طور پر موثر تعلیم کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکے۔ اس ضمن میں
سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں کو شعبہ تعلیم کے مسائل سے آگاہ کرنا
اور ان مسائل کے حل کے عمل میں شامل کرنا از حد ضروری ہے۔ مذکورہ ضلعی کل
جماعتی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف گبول مسلملیگ(ن)کی
جانب سے حسین فریدی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قمر زمان ایڈووکیٹ اور
جماعت اسلامی کی جانب سے محمد اشرف بندیشہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے
محمد علی ایڈووکیٹ اور طاہر حسین فیضی سریئکی پارٹی کی طرف سے کامریڈ ڈمہ
سمیت دیگر ارکان اسمبلی و رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی اور تعلیمی صورتحال پر
اپنی سفارشات پیش کیں۔تمام جماعتوں نے راجن پور کے لئے پیش کئے گئے
اصلاحاتی ایجنڈا کو اپنانے کی یاداشت پہ دستخط کئے اور اس ارادے کا اظہار
کیا کہ وہ مل کر راجن پورمیں شعبہ تعلیم کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا
کریں گی اور اس ایجنڈا کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا
0 comments:
Post a Comment