راجن پور (ڈسٹر کٹ رپورٹر ) حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کے مکانات، فصلات
اور مویشیوں کا سروے کرکے ان کے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔ متاثرین کو مصیبت
اورآزمائش کی اس گھڑی میں تنہانہیں چھوڑیں گے۔ متاثرین کی امداد اور ان کو
ریلیف فراہم کرنے کے لیے خاطرخواہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ یہ باتیں
کمشنرڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ثاقب عزیز نے سیلابی علاقوں کے دورہ کے
دوران کیں ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی متاثرین کو خیموں، خشک
راشن، صحت، پینے کے صاف پانی اور ان کے مویشیوں کے لیے چارہ اور ونڈا کی
سہولتیں بلاامتیاز اور بروقت فراہم کی جائیں۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے
چک شہید، بستی طالب حسین ڈمرہ، بستی حاجی فیض محمدلشاری، چک احمدانی، بستی
جلال اور بستی جھلن میں خود جاکر سروے کیا اور سیلاب سے ہونیوالے نقصانات
کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرین سے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر
سروے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرکے بروقت تمام متاثرین کے ہونیوالے
نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر راجن پور اور دیگر
افسران ان کے ہمراہ تھے۔
0 comments:
Post a Comment