راجن پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) عید کی آمد کے ساتھ مہنگائی کا طوفان ،متوسط
طبقہ کی قوت خرید جواب دے گئی ۔مہنگائی کے ذمہ دار چھوٹے دوکاندار نہیں
پروڈکشن کمپنیاں ہیں جن کے مالکان اسمبلیوں اور اہم حکومتی عہدوں پر
برآجمان ہیں ،حکومت ان کے خلاف کاروائی کر کے مہنگائی کو کنٹرول کرے ان
خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک سروے کے
دوران کیا اس وقت عید الاضحی کی آمد پر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے
باتیں کر رہی ہیں اور مہنگائی کا یہ طوفان چند دنوں کے اندر بپا کیا گیا ہے
اس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سید مختارشاہ نے کہا کہ حکمران
مہنگائی کو کم کرنے کیلئے مخلص نہیں ملک میں چھوٹے دوکانداروں کی پکڑ دھکڑ
زوروں پرہے اور انہیں ناجائز جرمانے کئے جا رہے ہیں تحریک انصاف کے رہنماء
کنور شفیق احمد نے کہا کہ دوکاندا ر چیزوں کو چند روپے منافع کے عوض فروخت
کرتے ہیں، معروف سماجی کارکن میر خلیل احمد نے کہا پروڈکشن کمپنیاں مہنگائی
کی ذمہ دار ہیں چونکہ موجودہ سسٹم میں ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی
ممکن نہیں۔انکو حکومتی چھتری ملی ہوئی ہے اس لئے مہنگائی کے خلاف موثر
کاروائی کی توقع نہیں رکھی جا سکتی،ایک آئی کام کے سٹوڈنٹ شیر علی نے کہا
کہ حکومت مہنگائی کے خلاف مہم نہیں فارملیٹی کو پورا کر رہی ہے تاکہ عوام
کے صبر کا پیمانہ لبریز نہ ہو جائے،تین سو روپے یومیہ اجرت لینے والے ایک
مزدور نذر حسین بھٹی نے کہا کہ لیبر ایکٹ کے نفاذ کے باوجود ہمیں مقررہ
اجرت نہیں ملتی یہ حکمرانوں کا دوہرہ معیار ہے کہ ان کے خلاف کاروائی نہیں
ہوتی جس کے باعث مزدور طبقہ کا معیار زندگی غربت کی لکیر سے کہیں نیچے آ
گیا ہے اگر اسے بہتر نہ بنایا گیا تو ملک میں استحکام نہیں آ سکے گا۔
0 comments:
Post a Comment