راجن
پور(ڈسٹر کٹ رپورٹر)ترکش حکومت کی جانب سے پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل
جام پور کے متاثرین سیلاب کے لیے تعمیر کردہ ترکی ماڈل ویلج کی کمپوٹرائزڈ
قرعہ اندازی کے ذریعے متاثرین کو مکانات الاٹ کر دیے گئے۔ جس میں تحصیل
جام پور کی تین یونین کونسل جس میں داجل، بُرڑے والا ،اور تل شمالی کے
13مواضعات سے تعلق رکھنے والے 699متاثرین نے حصہ لیا جبکہ 336خوش نصیبوں کو
مکانات الاٹ کیے گئے ۔ڈی سی او راجن پور غازی امان اللہ نے بتایا کہ
10مکانات سرکاری دفاتر کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔قرعہ اندازی میں PDMAکی
پالیسی کے مطابق شامل کی جانے والی 03یونین کونسلوں کے متاثرہ افراد نے حصہ
لیا انہوں نے بتا یا کہ ماڈل ویلج جدید طرز کے طور پر بنایا گیا ہے۔ جس
میں مسجد، سکول، ہسپتال ، وٹرنری ہسپتال ، دوکانوں کے علاوہ تفریح پارک ،
پارکنگ اور مختلف قسم کے پودے اور سبزہ زار گراؤنڈشامل ہیں انہوں نے بتا یا
کہ ویلج میں سوشل ویلفیئر ، لائیو سٹاک ، ریونیو سٹاف و دیگر دفاتر بنائے
گئے ہیں اور سکول کے ہیڈ ماسٹر ، امام مسجد و مختلف محکمہ جات کے ملازمین
کو بھی رہائش کے لیے مکانات الاٹ کیے گئے ہیں۔ تقریب سے ممبر قومی اسمبلی
سردار محمد جعفر خان لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترکی حکومت کے بے
حد مشکور ہیں کہ جنہوں نے مشکل کی گھڑی میں ہمارا بھر پور ساتھ دیااورہمارے
علاقہ کے غریب مستحق افراد کے لیے ماڈل ویلج کا تحفہ دے کر ہمارے دل جیت
لیے ۔ تقریب سے سردار پرویز اقبال خان گورچانی ، ڈی سی او راجن پور غازی
امان اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ایم این اے سردار محمد جعفر خان
لغاری ، مسلم لیگ ن کے رہنما سردار پرویز اقبال خان گورچانی نے کمپیوٹرائزڈ
قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔ علاوہ ازیں قرعہ اندازی جیتنے والے افراد کی
حتمی لسٹ ماڈل ویلج میں آویزاں کر دی گئی ہے۔ دو دن تک خوش نصیب رہائش
اختیار کر سکیں گے ۔تقریب میں نظامت کے فرائض پروفیسر ارشاد حسین بخاری نے
سر انجام دیے ۔
0 comments:
Post a Comment