راجن
پور (ڈسٹر کٹ رپورٹر ) آب گاہوں کے عالمی د ن کے موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ایف
پاکستان راجن پور سائٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک آگاہی واک اور تقریب
سعیدیہ فریدیہ پبلک ہائی سکول چاچڑاں شریف میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے
مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ آفیسر جنگلات طلعت عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آب
گاہیں نقل مکانی کرنیوالے پرندوں کو اہم سرمائی مسکن مہیا کرتی ہیں۔ تقریب
میں حکومت کے مختلف اداروں کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ مقامی سماجی تنظیموں
کوٹ مٹھن اور چاچڑاں شریف کی مہانہ برادری کے ممبران اخبارات سے منسلک
افراد اور مقامی سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے
ہوئے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان راجن پور سائٹ کے کنزرویشن آفیسر جناب منور
اقبال چوہدری نے آب گاہوں کے عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دریائے
سندھ میں موجود بلھن کی نایاب نسل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ
آب گاہوں کی حفاظت اور دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ
ذمہ داری ہے۔ آب گاہیں نقل مکانی کرنیوالے پرندوں کو اہم سرمائی مسکن مہیا
کرتی ہیں اور پاکستان کی مخصوص حیاتیاتی نوع بلھن کا مرکزی مسکن ہیں۔ یہ
دریائے سندھ مقامی لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ ہمیں سیروتفریح کے
مواقع بھی فراہم کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سو سال کے دوران آب گاہوں
کی آلودگی اور ختم ہو جانے کی وجہ سے برے اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہ آبی
مخلوق کے نقصان کا باعث ہیں۔ دریاؤں کے اندر فیکٹریوں کے فاسد مادوں کے وجہ
سے آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور آبی مخلوق کی شرحِ اموات میں تیزی سے
اضافہ ہو رہا ہے۔ آب گاہوں کو آلودگی سے پاک رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری
ہے۔ تقریب میں شامل بچوں نے ماحول اور آب گاہوں کے متعلق تصویر کشی کا
مقابلہ بھی کرایا گیا۔ تقریب کے اختتام پر ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا جو
کہ چاچڑاں شریف کی پل پر ختم ہوئی ۔ وہاں شرکاء کو دریائے سندھ کی نایاب
نسل بلھن دیکھنے کا بھی موقع فراہم کیاگیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈبلیو ڈبلیو
ایف پاکستان کے نمائندگان اور سائٹ انچارج جناب منور اقبال چوہدری نے
شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان
مقامی لوگوں کے اشتراک سے پائیدار طریقوں سے کام لیتے ہوئے دریائے سندھ سے
وابستہ لوگوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہے گا۔ تمام شرکاء
، خصوصاََ سکول کے بچوں نے بلھن کے خدوخال، خوراک اور دریا ئے سندھ میں
موجودگی میں دلچسپی لیتے ہوئے مختلف سوالات بھی کیے۔ مہمانِ خصوصی نے بچوں
میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
0 comments:
Post a Comment